دہلی:ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلوان گذشتہ ایک ماہ سے جنتر منتر پر دھرنا دے رہے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتیں، تنظیمیں اور کھلاڑی پہلوانوں کی حمایت میں مسلسل آگے آرہے ہیں۔ ادھر یوگ گرو با با رام دیو نے بھی جنسی استحصال کے الزام میں برج بھوشن سنگھ کا نام لیے بغیر ان پر شدید حملہ کیا ہے۔ پہلوانوں کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر پر بدکاری کا الزام لگنا انتہائی شرمناک بات ہے۔
برج بھوشن کو جیل بھیج دیا جائے
راجستھان کے بھیلواڑہ پہنچے با با رام دیو نے کہا کہ 'ملک کے پہلوانوں کا جنتر منتر پر بیٹھنا اور ان کی جانب سے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا انتہائی شرمناک بات ہے۔ بابا رام دیو نے برج بھوشن کا نام لیے بغیر کہا کہ ایسے شخص کو فی الفور گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا جائے۔ وہ ہر روز منہ اٹھا کر بار بار ماں، بہن اور بیٹیوں کے بارے میں بکواس کر تے ہیں، یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔