اونا: دائیں بازو کی کارکن کاجل ہندوستانی کو عدالت نے ضمانت دے دی ہے۔ کاجل کو گجرات کے ضلع گر سومناتھ کے اونا شہر میں مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اونا کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریکھا اسودیا نے جام نگر کی رہائشی کاجل کو کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت دے دی۔ چند روز قبل عدالت نے کاجل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ دو روز کے لیے محفوظ کر لیا تھا۔
شرائط کے مطابق چارج شیٹ داخل ہونے تک انہیں ہر ماہ دو بار اپنی رہائش گاہ کے قریب پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونا پڑے گا۔ عدالت نے یہ شرط بھی عائد کی کہ سماعت کے لیے حاضر ہونے کے علاوہ وہ سماعت ختم ہونے تک ضلع گر سومناتھ میں داخل نہیں ہوں گی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ملزمہ سے یہ حلف بھی لیا کہ وہ ضمانت پر رہا ہوتے ہوئے شکایت کنندہ یا گواہوں کو متاثر یا دھمکی نہیں دیں گی۔
اس سے قبل دائیں بازو کی رہنما کاجل ہندوستانی کو 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ کاجل ہندوستانی نے اتوار کو ہی پولیس کے سامنے خود سپردگی کی تھی۔ جس کے بعد کاجل ہندوستانی کو اونا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ الزام ہے کہ کاجل ہندوستانی نے 30 مارچ کو رام نومی کے موقع پر اشتعال انگیز تقریر کی تھی، جس کی وجہ سے یکم اپریل کی رات اونا میں فسادات ہوئے۔ پولیس نے اس معاملے میں 2 اپریل کو ایف آئی آر درج کی اور کاجل ہندوستانی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153، 295 اے کے تحت مقدمہ درج کیا۔