اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات 2022 میں ابھی وقت ہے، لیکن سیاسی رسا کشی کا کھیل ابھی سے جاری ہو گیا ہے۔ ان دنوں اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس تصویر میں ہریش راوت نے ایک خاص مذہب کی ٹوپی پہن رکھی ہے۔
ہریش راوت نے اپنے انداز میں آنجہانی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی کو اپنے انداز میں جواب دیا اور کہا کہ جو کچھ بی جے پی نے ان کے لیے کہا، کیا وہ اپنے لیڈروں کے لیے کہیں گے۔
ہریش راوت نے کہا کہ بی جے پی دوست ان کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کر رہے ہیں۔ ہریش راوت گول ٹوپی پہننے سے مولانا ہریش راوت ہو گئے اور گھر گھر میں آپنے وہ ٹوپی والی میری تصویر پہنچا دی۔اب ذرا مجھے یہ بتائیے کہ کیا راج ناتھ سنگھ جی بھی مولانا راج ناتھ سنگھ بن گئے ہیں؟
اس کے ساتھ ہی ہریش راوت نے ٹوئٹر پر آنجہانی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور پی ایم مودی کی تصویر بھی پوسٹ کی۔ ان دونوں تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ہریش راوت نے لکھا کہ اٹل بہاری واجپئی جی کی ایک پرانی تصویر ہے۔ کیا آپ انہیں مولانا اٹل بہاری واجپائی بھی کہنا پسند کریں گے؟ مودی جی کی تصویر بھی ہے، آپ کے ہندوتوا آئیکن کی۔ کیا ان کو بھی آپ اسی خطاب سے نوازیں گے، جو آپ نے صرف میرے لیے مخصوص کیا ہے؟ اگر آپ میں ہمت ہے تو انہیں میرے ساتھ اسی نام سے پکاریے۔