حیدرآباد:اسرائیل حماس تنازعہ کے درمیان، اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے، یہ ایک انسانی مسئلہ ہے، جو انصاف چاہتے ہیں۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے ہفتہ کی رات ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ظالم" اسرائیلی حکومت نے گزشتہ چھ دنوں میں غزہ پر 6000 بموں سے بمباری کی ہے، جس کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت 1500 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ غزہ میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ "قتل عام" ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستانی حکومت اور ملک ان "جنگی جرائم" کی مذمت کریں جو اسرائیل کر رہا ہے۔
اویسی نے کہا کہ میں فلسطین کا مکمل حمایت کرتا ہوں۔ اب تک 21 لاکھ آبادی والے غزہ میں 10 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ "ظالم" اسرائیلی حکومت چاہتی ہے کہ غزہ کے تمام لوگ پورا غزہ خالی کر دیں۔ اس معاملے پر انسانی حقوق کی بات کرنے والی دنیا آج خاموش ہے۔
اویسی نے مزید کہا کہ 70 سال سے اسرائیل "قابض" ہے اور فلسطین مقبوضہ علاقہ ہے۔ "آپ قبضے کو نہیں دیکھ رہے، آپ ظلم کو نہیں دیکھ رہے۔ تشدد جو بھی کرے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، یہ فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے، غزہ کے لوگوں پر ظلم کیا جا رہا ہے، امریکہ، برطانیہ، یورپ آج خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔