اقلیتی امور کی وزارت نے کورونا وائرس مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے مختلف ریاستی حکومتوں کو حج ہاؤس کو عارضی کووڈ سینٹر کے طور پر استعمال کرنے کے لیے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ 'یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں حج ہاؤس کو عارضی طور پر 'کورونا کیئر سینٹر' کے طور پر استعمال کرنے کے لیے ریاستی حکومتوں کو دیا جائے۔
ریاستوں کو دیئے جانے والے حج ہاؤس میں گجرات، کرناٹک، کیرالا، دہلی، تلنگانہ، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، اترپردیش، مہاراشٹر، جموں و کشمیر، تمل ناڈو، راجستھان، بہار، جھارکھنڈ اور تری پورہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس دوران ہسپتالوں میں آکسیجن اور بیڈز کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔