بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں گرو نانک دیو جی کے 553ویں یوم پیدائش کے موقع پر سکھ سماج کے ذریعے گرودواروں میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وہیں اس موقع پر مدھیہ پردیش جمیعت علماء سد بھاونہ منچ اور سرو دھرم سد بھاونہ منچ کے ذمہ داران نے بھوپال کے آنند نگر گرودوارے پہنچے، جہاں پر تنظیم کے ذمہ داران نے گرو نانک کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر جمیعت علماء سد بھاونہ منچ کے ذمہ داران نے کہا کہ گرونانک کا ایک ہی پیغام ہے۔ انسانیت کی خدمت کرو، اگر کسی کو تکلیف میں دیکھو تو اپنی تکلیف بھول کر اس کی خدمت کرو۔ یہی انسان اور انسانیت کی پہچان ہے۔ گرونانک نے کہا ہے کہ خدا ایک ہے اور اس نے جو ہمیں راستہ بتایا ہے اس پر ہی ہمیں چلنا ہے۔ وہیں ہندو مذہب کے رہنما نے کہا کہ گرونانک دیو نے سبھی مذاہب کے لوگوں کو ایک دھاگے میں پیرونے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے قومی یکجہتی کا پیغام عام کیا ہے۔ اس موقع پر گرودوارے میں سکھ سماج کی جانب سے سبھی مذہب کے رہنماؤں کا استقبال کیا گیا۔ ساتھ ہی گردوارے میں لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔