اعظم گڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے مبارک پور کے کوڑیا گاؤں میں رمضان کے دوران گنگا جمنی تہذیب کا خوبصورت نظارہ دیکھنے کو ملا۔ گاوں میں گلاب یادو رمضان کے مہینے میں سحری کے وقت روزہ داروں کو جگانے کے لیے گھر گھر جاتے ہیں۔ گلاب یادو کے خاندان نے 46 سال قبل یہ کام شروع کیا تھا اور یہ رسم آج بھی یہ خاندان ادا کر رہا ہے۔ مسلم اکثریتی شہر مبارک پور کے اس علاقے میں رمضان کے مہینے میں گلاب یادو تمام مسلم خاندانوں کو سحری کے لیے گھر گھر جگاتے ہیں۔
گلاب یادو کا کہنا ہے کہ ان کے والد اور دادا نے یہ کام 1975 سے شروع کیا تھا۔ اس کے بعد وہ اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ پہلے ان کے والد گھر گھر لالٹین لے کر لوگوں کو سحری کے لئے بیدار کرنے جاتے تھے۔ اپنے والد کی روایت پر عمل کرتے ہوئے اب وہ لالٹین لے کر گھر گھر جا کر رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو پورا ایک مہینہ جگاتے ہیں۔ گلاب یادو نے بتایا کہ رمضان کے مہینے میں ہر رات ایک بجے گھر سے نکلتا ہوں اور گاؤں میں گھر گھر جاتا ہوں، سب کے گھروں کو ڈنڈے سے مارتا ہے اور نام لے کر پکارتا ہے کہ سحری کا وقت ہوگیا ہے۔