نئی دہلی: گجرات حکومت نے 2002 میں 59 لوگوں کی جان لینے والے گودھرا ٹرین آتشزدگی کے واقعہ میں 11 قصورواروں کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں بدلنے کے لئے پیر کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے بی پارڈی والا کی بنچ کے سامنے گجرات حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ گجرات ہائی کورٹ نے 11 قصورواروں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا، ان قصورواروں کو پھانسی کی سزا دی جانی چاہیے۔
بنچ کے سامنے بحث کرتے ہوئے مہتا نے کہا کہ فروری 2002 میں گودھرا میں ٹرین کے ڈبے میں آگ لگنے سے 59 لوگ جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعہ کے بارے میں مہتا نے دلیل دی کہ اس ٹرین کا ڈبہ باہر سے بند تھا جس کی وجہ سے خواتین اور بچوں کی زندہ جل جانے سے موت ہوگئی تھی۔ مہتا نے پہلے بھی کہا تھا کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کا (مجرموں) کا کردار صرف پتھراؤ میں تھا، لیکن جب آپ ایک ڈبے کو باہر سے بند کرتے ہیں، اس میں آگ لگاتے ہیں اور پھر پتھراؤ کرتے ہیں تو یہ صرف پتھراؤ نہیں ہے۔