گجرات حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا کہ ہے کہ مذہب کی آزادی میں دوسروں کا مذہب تبدیل کرنے کا حق شامل نہیں ہے اور سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ گجرات ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈر کو ہٹایا جائے جس میں بین المذاہب شادی کرنے کے لیے ضلع مجسٹریٹ کی پیشگی اجازت لازمی تھی۔ گجرات ہائی کورٹ نے 19 اگست اور 26 اگست 2021 کے اپنے احکامات کے ذریعے ریاستی حکومت کے مذہبی آزادی ایکٹ 2003 کے سیکشن 5 کے آپریشن پر روک لگا دی تھی۔
ایڈوکیٹ اشونی اپادھیائے کے ذریعہ ایک پی آئی ایل کے جواب میں جمع کرائے گئے اپنے حلف نامہ میں، ریاستی حکومت نے کہا کہ اس نے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں ہائی کورٹ سے اسٹے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ گجرات میں زبردستی، رغبت یا دھوکہ دہی کے ذریعہ مذہب کی تبدیلی پر پابندی کی دفعات کو لاگو کیا جائے۔ گجرات حکومت کا کہنا ہے کہ مذہب کی آزادی کے حق میں دوسرے لوگوں کو کسی خاص مذہب میں تبدیل کرنے کا بنیادی حق شامل نہیں ہے۔