مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن Union Health Secretary Rajesh Bhushan نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسپل سکریٹریز اور ہیلتھ سکریٹریوں کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ کووڈ وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے تمام ادویات، آکسیجن اور معاون آلات کی ذخیرہ اندوزی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ کل دیر شام لکھے گئے اس خط کی ایک کاپی بدھ کو یہاں جاری کی گئی۔
ہیلتھ سکریٹری نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ملک بھر میں آکسیجن پلانٹس اور صحت کی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ طبی آکسیجن وبائی امراض کے اثرات سے نمٹنے میں ایک اہم عنصر ہے۔ اس کے لیے مرکزی حکومت آکسیجن پلانٹ لگانے اور مریضوں کو اس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد کر رہی ہے۔
راجیش بھوشن نے کہا کہ کووڈ کی صورتحال کے پیش نظر صحت کی دیکھ بھال کے تمام مراکز میں آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اسپتالوں میں کم از کم اگلے 48 گھنٹوں تک کووڈ کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات اور آکسیجن کا مناسب ذخیرہ ہونا چاہیے۔ اسپتالوں میں آکسیجن ٹینکر بھرے اور سپلائی کا نظام ہموار ہونا چاہیے۔