کانگریس نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نرلا سیتا رمن ملک کی مالی حالت بہتر بنانے میں ناکام رہی ہیں اس لئے دیوالیہ کمپنی خرید کر اسے بلند ی پر پہنچانے والے بابا رام دیو کو ملک کا وزیر خزانہ بنادینا چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ بابا رام دیو کا بزنس ماڈل غیرمعمولی ہے۔ انہوں نے پانچ مہینے میں روچی سویا کا 17روپے کا شیئر بڑھا کر 1535تک پہنچادیا۔ کمپنی کی قیمت 2019میں 3450کروڑ روپے تھی جسے بڑھاکر آج 35,360کروڑ روپے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ روچی سویا نے 2017میں دیوالیہ ہونے کی عرضی لگائی اور نیشنل کمپنی لا ٹریبونل نے اسی سال ستمبر میں اس کی عرضی منظور کرلی۔ کمپنی نے 12146کروڑ روپے مختلف بینکوں سے قرض لئے تھے۔ بعد میں جب سیٹلمنٹ ہوا تو اسٹیٹ بینک آف انڈیا 1816 کروڑ میں سے صرف 883 کروڑ روپے واپس پانے میں کامیاب ہوسکا ہے۔