انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے وسیم رضوی کی تصنیف کردہ کتاب "محمد" کے خلاف ملک بھر میں تحریری مکتوب اور شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ وسیم رضوی نے ایک بار پھر دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
اس سے قبل قرآن مجید کی 26 آیات کو قرآن سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے بھی سرزنش کی تھی۔ گزشتہ دنوں غازی آباد میں ڈاسنہ کے مہاکالی مندر میں سوامی نرسنگھ سرسوتی کے ہاتھوں اپنی متنازع کتاب کا اجراء کروایا۔
اس تناظر میں مالیگاؤں مسلم لیگ کے ذمہ داران کی جانب سے وسیم رضوی کی تصنیف کردہ کتاب "محمد" کے خلاف ایک میمورنڈم ایڈیشنل کلکٹر آفس میں دیا گیا۔
اس تعلق سے مسلم لیگ کے مقامی صدر احتشام شیخ نے کہا کہ پیغمبر اسلام محمد رسولﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم کی شخصیت تعریف و توصیف کی محتاج نہیں ہے۔ نہ صرف مسلمان بلکہ منصف مزاج غیر مسلم اہل علم نے بھی آپ کے کمالات اور ہمہ جہت محاسن کا اعتراف کیا ہے۔