نئی دہلی: حکومت نے آج کہا کہ دنیا کے کچھ ممالک میں کووڈ انفیکشن کے بڑھتے معاملات اوربڑی تعداد میں ہونے والی اموات کی وجہ پیدا صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ملک تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صورتحال کا مقابلہ کرنےکے لیے پوری طرح تیار ہے۔India Prepared to Deal With Corona
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منسکھ مانڈویہ نے کووڈ وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں از خود بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحت کا بنیادی ڈھانچہ اچھا اور ضروری ادویات وآکسیجن اور دیگر سامان کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
اراکین کی وضاحتوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور وہ خود عالمی ادارہ صحت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پربیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اسے لازمی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس کام کر رہے ہیں اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں کووڈ انفیکشن کی شرح میں کمی آئی ہے، روزانہ اوسطاً 153 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جبکہ دنیا میں یہ تعداد 5 لاکھ 87 ہزار ہے۔ جاپان، جنوبی کوریا، امریکہ، فرانس، یونان اور اٹلی جیسے ممالک میں کووڈ کے کیسز اور اموات کے اعدادوشمار میں اضافہ ہوا ہے۔ چین میں بھی کووڈ کے کیس اور اس سے ہونے والی اموات کے حوالے سے خبریں شائع ہو رہی ہیں۔