کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش کے مختلف حصوں سے کسان زراعت مخالف تینوں قوانین کو ختم کرنے کے مطالبہ کے تعلق سے حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے دہلی میں منعقدہ ریلی میں حصہ لینے آرہے تھے لیکن انہیں سرحد پر روک دیا گیا اور شدید سردی کے باوجود ان پر پانی کی بوچھارکی گئی۔
انہوں نے اسے غیرمنصفانہ عمل قراردیا اور کہا کہ حکومت نے ان کسانوں کے ساتھ زیادتی کی ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جبراً ملک کے 62 کروڑ کسانوں کی آواز دبانا چاہتی ہے لیکن کسان اپنے حقوق سے آگاہ ہیں اور وہ کسی بھی ظلم وزیادتی سے رکنے والے نہیں ہیں۔