بھوپال: مساجد اور مندروں جیسے مذہبی مقامات سے کوئی بھی چوری جہاں عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتی ہے وہی ایسے معاملات پولیس انتظامیہ کے لیے بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتے ہیں۔ بھوہال کی تاریخی موتی مسجد کلس چوری معاملے میں پولیس کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ پولیس اور کرائم برانچ کی مشترکہ کوششوں کے بعد مسجد کلس چوری معاملے میں نیپال سرحد سے چور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے شاہی موتی مسجد کے گنبد سے چوری شدہ سونے کا کلس برآمد کر لیا گیا ہے۔ Stolen Golden Urn of Shahi Moti Masjid Recovered
اس واردات کو انجام دینے والے چور بھی پولیس کی گرفت میں ہیں۔ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے تمام مندروں اور مساجد کی کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے احاطہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں، یہ بات ڈی سی پی زون 3 ریاض اقبال نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل پرانے شہر میں واقع تقریبا 150 سال پرانے شاہی موتی مسجد کے گنبد سے سونے کا کلس چوری ہونے کے معاملہ سامنے آیا تھا۔
اس معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے ڈی سی پی زون 3 ریاض اقبال نے کہا کہ پولیس اور کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی سے اس واقعہ کے ملزم انجار احمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انجار جو کہ اصل میں بہار کا رہنے والا ہے، تقریبا دو سال سے وہ مسلسل بھوپال آتا جاتا رہتا تھا۔ اسی دوران اس نے موتی مسجد کا کلس دیکھا اور اسے مکمل طور پر سونا سمجھ کر چوری کرنے کا منصوبہ بنایا۔