نئی دہلی: ہندوستان کے معروف صنعتی گروپ گودریج کی اہم کمپنی گودریج اپلائنسزنے آج ملک کے پہلے لیک پروف اسپلٹ ایئر کنڈیشنر کو لانچ کیا اس ایئر کنڈیشنرمیں اینٹی لیک ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس اختراعی ٹکنالوجی کے لانچ کی تقریب کے موقع پر گودریج اپلائنسز کے بزنس سربراہ اور ایگزیکٹیووائس پریزیڈنٹ کمل نندی نے کہاکہ صارفین کو لاحق کسی بھی پریشانی کو دورکرنے کے لیے ہم انتھک کوششیں کررہے ہیں تاکہ انھیں جدید ٹکنالوجیز کے ساتھ اختراعی حل فراہم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے تحقیق اور ڈیزائن کے مراکز پر کئی آزمائش کے بعد ہم نے اینٹی لیک ٹکنالوجی میں مہارت حاصل کرلی ہے اور ہندوستان میں پہلی بار لیک پروف اسپلٹ ایئرکنڈیشنر پیش کیا ہے۔ اس طرح سے صارفین کو اس پریشانی سے بڑی راحت ملی ہے جس کا وہ طویل عرصے سے سامناکررہے تھے۔
گودریج اپلائنسز، ایئرکنڈیشنر کے پروڈکٹ گروپ سربراہ سابیہ ساچی گپتا نے اس موقع پر کہاکہ ہندوستان کے پہلے لیک پروف اسپلٹ ایئرکنڈیشنرکومتعارف کرانے میں ہمیں انتہائی خوشی ہورہی ہے۔یہ ایک اہم پیش کش ہے جس سے صارفین کو بہترین اور پریشانی کے بغیر ایئرکنڈیشنرکا تجربہ ہوگا۔ گودریج لیک پروف ایئرکنڈیشنرمیں 10سال کی انورٹر کمپریشر وارنٹی ملتی ہے ۔یہ جلد ہی بازار میں 48900 روپئے میں دستیاب ہوگا۔ اس کمپنی نے اپنے اختراعی پروڈکٹ کے ذریعہ ایئرکنڈیشنرصارفین کے بہت سے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیاہے ۔ایئرکنڈیشنراستعمال کرنے والے بہت سے لوگوں کو گھر کے اندر ایئرکنڈیشنرسے پانی گرنے کی عام شکایت ہوتی ہے۔