گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ گیا کا درجہ حرارت 40 ڈگری ہو گیا ہے۔ لہر اور دھوپ کی وجہ سے یہاں کے اسکولوں کے تعلیمی اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے باضابطہ اس کے لئے ہدایت جاری کی ہے۔ ضلع گیا میں پڑ رہی شدید گرمی کے پیش نظر اسکولوں کے تعلیمی اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کے لیے ڈسٹرک مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کی طرف سے ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
جمعہ کو ڈی ایم تیاگ راجن نے بتایا کہ سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ، بہار حکومت کا میمورنڈم 1163 موصول ہوا ہے، جس کی روشنی میں اسکولی بچوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ضلع میں پڑ رہی شدید گرمی کے پیش نظر کلاس کے اوقات میں تبدیلی کی جائے۔ ضلع ایجوکیشن افسر راج دیو رام نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ گیا کی ہدایات کے مطابق ضلع کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری پرائمری ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں 15 اپریل یعنی سنیچر سے صبح کا سیشن صبح 6:30 بجے سے 11:30 بجے تک تدریسی کاروائی کی جائے گی۔ تمام متعلقہ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسکولوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔