نئی دہلی: متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل جمعہ کو نئی دہلی پہنچے۔ اردوغان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور ترکیہ کی خاتون اول ایمن اردوغان بھی تھیں۔ اردوغان کا استقبال وزیر مملکت شانتنو ٹھاکر نے کیا، جبکہ یو اے ای صدر النہیان کا استقبال مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نتیا نند رائے نے کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے نتائج پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اردوغان اور پوتن نے پیر کو روسی سیاحتی شہر سوچی میں ملاقات کی تھی جس میں دیگر امور کے علاوہ بحیرہ اسود کے اناج کے اقدام کی حیثیت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیر اعظم رشی سنک، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، ترکیہ کے صدر اردوغان اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا ان اہم رہنماؤں میں شامل ہیں جو جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔