نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد تخلیق کردہ عالمی نظام اپنے مقاصد میں ناکام ہوگیا ہے اور اس کی ناکامی کے المناک نتائج سب سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے جی 20 وزرائے خارجہ کانفرنس کے آغاز کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں مہمان وزرائے خارجہ پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی تہذیبی اخلاقیات سے تحریک لیں اور ترقی پذیر ممالک کی آوازوں کو سنیں اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر دنیا کو معاشی بحران سے نجات دلانے اورجوڑنے میں تعاون کریں۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے تمام جی20 رکن ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور خصوصی طور پر مدعو ممالک کے وزرائے خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے جی20 صدارت کے لیے 'ایک کرہ ارض، ایک خاندان، ایک مستقبل' کے تھیم کا انتخاب کیا ہے۔ یہ مقصد کے اتحاد اور عمل کے اتحاد کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔ امید ہے کہ آپ کی آج کی ملاقات مشترکہ اور ٹھوس مقاصد کے حصول کے لیے اکٹھے ہونے کے جذبے کی عکاسی کرے گی۔