جالندھر: پنجاب پولیس نے مفرور متنازع سکھ رہنما امرت پال سنگھ اور اس کے کچھ ساتھیوں کے خلاف غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے الزام میں نئی ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس سے قبل پولیس نے 23 فروری کو اجنالہ واقعہ میں امرت پال اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ امرتسر دیہی پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ ستیندر سنگھ نے اتوار کو کہا کہ امرت پال کے سات ساتھیوں کو آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرت پال کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جو ہفتہ کو جالندھر ضلع میں اس کے قافلے کو روکنے کے بعد پولیس سے بچ کر فرار ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امرت پال کے قافلے میں شامل ان کے سات ساتھیوں کو ہفتے کی شام جالندھر کے مہات پور کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ سات ملزمان کے قبضے سے چھ غیر قانونی 12 بور بندوقیں اور 193 زندہ کارتوس برآمد کیے گئے ہیں، جن کی شناخت اجے پال، گورویر سنگھ، بلجندر سنگھ، ہرمندر سنگھ، گرلال سنگھ، سویریت سنگھ اور امندیپ سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمیندر سنگھ کو ایک ہتھیار اور 139 کارتوسوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے پولیس کو بتایا کہ امرت پال نے یہ کارتوس گربیج نامی ایک اور شخص کے ذریعے حاصل کیے تھے۔