پٹنہ: این آئی اے کورٹ نے 27 اکتوبر سنہ 2013 کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ہوئے بم دھماکہ معاملے میں ملوث قصورواروں کو آج سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تمام 9 قصورواروں کے خلاف سزا کا اعلان کیا ہے۔ این آئی اے کورٹ کے خصوصی جج گوروندر سنگھ ملہوترا نے 4 قصورواروں کو سزائے موت، 2 کو عمر قید، 2 کو 10 برس اور ایک کو 7 برس کی سزا سنائی ہے۔
واضح رہے کہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں واقع گاندھی میدان میں سنہ 2013 میں ہوئے بم دھماکہ معاملے میں این آئی اے کورٹ میں آٹھ برس بعد تمام دس ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت مکمل ہو گئی۔ عدالت نے اس معاملے میں نو ملزمان کو مجرم قرار دیا۔ ساتھ ہی ایک ملزم کو بری کر دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ 27 اکتوبر سنہ 2013 کو بی جے پی کی ہنکار ریلی کے دوران سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے۔ جس وقت گاندھی میدان میں بم دھماکہ ہوا تھا اس وقت نریندر مودی سمیت بی جے پی کے تمام بڑے رہنما وہاں موجود تھے۔ اس سلسلہ وار بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 84 افراد زخمی ہوئے۔ جبکہ اسی دن پٹنہ جنکشن پر بھی دھماکہ ہوا تھا۔ اس معاملے میں این آئی اے نے 21 اگست سنہ 2014 کو کل 11 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ جس کے بعد این آئی اے کی ٹیم نے اس معاملے میں حیدر علی، نعمان انصاری، محمد مجیب اللہ انصاری، محمد امتیاز عالم، احمد حسین، فخر الدین، محمد فیروز اسلم، امتیاز انصاری، محمد افتخار عالم، اظہر الدین قریشی اور توفیق انصاری کو گرفتار کیا تھا۔