ممبئی:ملک کے سب سے پرانے ارب پتی اور مہندرا اینڈ مہندرا کے چیئرمین کیشو مہندرا کا بدھ کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 99 برس تھی۔ مہندرا کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 1.2 بلین ڈالر ہے۔ چیئرمین کے طور پر اپنے 48 سال کے دور میں مہندرا گروپ نے آٹوموبائل مینوفیکچررز سے دوسرے کاروباری شعبوں جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، رئیل اسٹیٹ اور مالیاتی خدمات تک توسیع کی۔
مہندرا اینڈ مہندرا کے چیئرمین کیشو مہندرا پنسلوانیا یونیورسٹی یو ایس اے سے گریجویٹ تھے۔ انہوں نے 1947 میں کمپنی جوائن کی اور 1963 میں اس کے چیئرمین بنے۔ انہوں نے بڑی کمپنیوں جیسے ولیز کارپوریشن، مٹسوبشی، انٹرنیشنل ہارویسٹر، یونائیٹڈ ٹیکنالوجیز، برٹش ٹیلی کام وغیرہ کے ساتھ تجارتی معاہدے حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔