نئی دہلی:آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینیئر لیڈر کرن کمار ریڈی جمعہ کو بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ اور مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک طرف بی جے پی کا شکریہ ادا کیان تو وہیں دوسری طرف انہوں نے کانگریس پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میں جے پی نڈا، وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میرا خاندان 1952 سے کانگریس سے منسلک ہے اور میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کبھی کانگریس چھوڑ دوں گا۔ لیکن کانگریس ہائی کمان کے غلط فیصلے سے بہت کچھ متاثر ہوا۔ پارٹی کو نقصان پہنچا۔' ریڈی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے کبھی مقامی لیڈروں سے کوئی رائے نہیں لی، کبھی کسی کی بات نہیں سنی۔ یہ صرف ایک ریاست کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ تمام ریاستوں کا معاملہ ہے۔ وہ تمام ریاستوں کی کمان کو کنٹرول کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن کبھی ذمہ داری قبول نہیں کریں گے۔'