شملہ: ہماچل پردیش میں ضلع کانگڑا کے دھرم شالہ میں اتوار کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی کنبہ کے تین افراد سمیت پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ اتھڑاگراں میں اس وقت پیش آیا جب لوگ گیہوں کی کٹائی کرکے اسے کینٹر میں لوڈ کر لے جارہے تھے۔ اتھڑاگران کے نزدیک لنک روڈ پر کینٹر بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 100 میٹر نیچے جا گرا۔جس کے باعث 4 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک زخمی خاتون ٹانڈہ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ پولس ٹیم اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ہتیش لکھن پال نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے دھرم شالہ اسمبلی حلقہ کے تحت اتھڑا گرن پنچایت کے رسہاد گاؤں میں پیش آنے والے سڑک حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں حادثے کے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی تمنا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔