پلوامہ: جنوبی کشمیر کا ضلع پلوامہ دودھ، زعفران، سبزی، سیب اور دھان کی پیداوار کیلئے مشہور ہے۔ اب اس ضلع میں مشروم کی کاشت بھی کی جارہی ہے۔ ضلع پلوامہ کے گانگو علاقے سے تعلق رکھنے والا نذیر احمد ڈار نے اپنے تجربے سے موسم سرما کے دوران ہی مشروم تیار کر نے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ نذیر احمد ایف ایم مشروم یونٹ چلا رہے ہیں۔ موسم سرما کے دوران وادی کشمیر میں بھاری برفباری ہوتی ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو جاتی ہے، اس دوران اکثر منفی درجہ حرارت درج کیا جاتا ہے۔
موسم سرما (برفباری اور منفی درجہ حرارت) کے دوران اگرچہ وادی کشمیر میں کوئی بھی فصل اُگانا نا ممکن سی بات ہے۔ لیکن نذیر احمد نے موسم سرما کے دوران بھی مشروم کی کھیتی کی اور اس طرح سے انہوں سردیوں کے ایام میں مشروم اُگا کر ایک کاریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس ضمن میں نذیر احمد ڈار نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 2018 سے مشروم کی کاشت کرنا شروع کیا ہے، اس میں کافی اچھا منافع ہوتا ہے۔ انہوں کہا کہ امسال میں نے سردیوں میں مشروم آگانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لئے 10 فروری کو مشروم کی فصل کاشت کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ یہ ایک تجربہ تھا کہ سردیوں کے دوران یہاں مشروم کی کاشت کی جاسکتی ہے یا نہیں، جس میں کامیاب ہوگیا۔