دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا سید راشد علی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا عشرہ ہے اور اس میں ہر لمحہ اللہ کی رحمت برستی ہے۔ پہلے عشرے میں ہمہ وقت اللہ سے عافیت کی دعا مانگتے رہنا چاہیے۔ اللہ سے رحم کا طلبگار ہونا چاہئے، کیونکہ اس عشرہ میں اللہ کی رحمت بندوں کو تلاش کرتی ہے۔ اس لیے بندوں کو اللہ سے رحم بھی مانگناچاہیے۔' Frist Ashra of Ramadan, Days of Mercy
انہوں نے بتایاکہ دوسرا عشرہ مغفرت کا ہوتاہے، دوسرے عشرے میں مغفرت مانگنی چاہیے، بندہ کو یہ اچھی طرح سمجھنا چاہیے کہ اللہ کی مغفرت میرے لیے بہت ضروری ہے۔ بغیر مغفرت کے میرا کام نہیں چلے گا، جبکہ تیسرا عشرہ جہنم سے نجات یا آگ سے چھٹکارے کا ہوتاہے۔'
مولانا سید راشد نے کہاکہ' رمضان المبارک میں دیگر عبادات کے ساتھ ساتھ تہجد کا ضرور اہتمام کرنا چاہیے، کیونکہ یہ قبولیت کا وقت ہوتاہے، اس لیے ہمیں ایسے وقت میں اللہ کے سامنے سجدہ کرکے اللہ کی رحمت مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ' جس قدر اللہ کی نعمتیں اور رحمتیں ہمیں ملتی ہے اس کے بارے میں انسان سوچ بھی نہیں سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ جب آپ ہمت کرتے ہیں تو اللہ کی مدد بھی ضرور ہوتی ہے، اس لیے صبح جلدی اٹھ کر تہجد کا اہتمام ضرور کریں۔'