اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی AIMIM Chief Asaduddin Owaisi پر حملہ کے کلیدی ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس پی ہاپوڑ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سچن نامی ملزم کو پستول کے ساتھ پہلے گرفتار کیا گیا تھا، اور دوسرے ملزم کی تلاش جاری تھی لیکن دوسرے ملزم شبھم نے تھانے میں سرینڈر کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم سچن کے بی جے پی کے تمام چھوٹے بڑے عہدیداران کے ساتھ تعلقات ہیں، جس میں نوئیڈا کے رکن پارلیمنٹ مہیش شرما کے ساتھ بھی اس کی فوٹو سامنے آئی ہے۔
ملزم سچن جس نے اسد الدین اویسی پر گولی چلائی وہ گریٹر نوئیڈا کے بادل پور کا رہنے والا ہے اور وہ ہندو وادی تنظیموں میں طویل عرصے سے سرگرم ہے۔ ایسے تمام فوٹو اس کے فیس بک پروفائل پر موجود ہیں جس میں اس نے دیش بھگت سچن ہندو لکھا ہے اور تلوار بھی ہاتھوں میں لہرا رکھی ہے۔
اس سے قبل یوپی اے ڈی جی پرشانت کمار نے ہاپوڑ ضلع میں فائرنگ کے واقعہ کے بارے میں بتایا تھا کہ اسدالدین اویسی پر حملے کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی پر اترپردیش کے غازی آباد میں حملے کی خبر ہے۔ اویسی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کچھ دیر قبل چھجرسی ٹول گیٹ پر میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔