کانپور دیہات: اترپردیش کے ضلع کانپور دیہات کے رورا علاقے میں تجاوزات ہٹانے کے دوران ماں۔بیٹی کی جل کر ہوئی موت کے معاملے میں پولیس نے ایس ڈی ایم میتھا، تھانہ انچارج اور لیکھ پال سمیت 39 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ڈی ایم میتھا گیانیشور پرساد، لیکھ پال اشوک سنگھ، ایس او رورا دنیش گوتم کے علاوہ گاؤں کے چار افراد کے خلاف نامزد مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ 32 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
وہیں گاؤں میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ مہلوکین کی جلی لاشیں موقع پر پڑی ہیں۔اہل خانہ اور مقامی افراد وزیر اعلی یا نائب وزیر اعلی کو بلانے اور سبھی ملزمین کی گرفتاری پر بضد ہیں۔ کانپور دیہات میں بدھ کو تجاوزات ہٹانے جانے کے دوران آگ میں جل کر ماں۔بیٹی کی موت ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ کانپور دیہات کی میتھا کے مڑولی گاؤں باشندہ کرشن گوپال دکشت کے خلاف غیر قانونی قبضہ کرنے کی شکایت تھی۔ پیر کو ایس ڈی ایم میتھا گیانیشور پرساد، پولیس وریونیو ملازمین کے ساتھ گاؤںمیں تجاوزات ہٹانے پہنچے تھے۔
الزام ہے کہ ٹیم نے جے سی بی سے نل اور مندر توڑنے کے ساتھ ہی چھپر گرادیا۔ اس سے چھپر میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود پرملا (44) اور ان کی بیٹی نہا(21) کی آگ کی زد میں آنے سے جل کر موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ کرشن گوپال شدید طور سے جھلس گئے۔ حادثے کی اطلاع پر اعلی افسران نے موقع پر پہنچ کر سبھی کو پرامن کرایا۔ متاثرین کی تحریر کی بنیاد پر ایس ڈی ایم سمیت 39 افراد کے خلاف قتل جیسے سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔