بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا آج ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے صبح تقریباً سات بجے کے قریب ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں آخری سانس لی۔ تجربہ کار اداکار کا علاج کرنے والے پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
بتادیں کہ اداکار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب 29 جون کو ممبئی کے کھار علاقہ میں واقع ہندوجا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔
دلیپ کمار 11 دسمبر سنہ 1922 کو برٹش انڈیا کے پشاور (جو اب پاکستان میں ہے) میں پیدا ہوئے تھے۔ دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔ یوسف خان نے مہاراشٹر کے ناسک میں اپنی تعلیم حاصل کی۔ دلیپ کمار راجیہ سبھا کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔
سنہ 1944 میں قریب 22 سال کی عمر میں دلیپ کمار نے اپنی پہلی فلم 'جوار بھاٹا' میں کام کیا۔ جوار بھاٹا سے شروعات کرنے والے دلیپ کمار کی کئی یادگار فلمیں ہیں جس میں شہید، میلہ، ندیا کے پار، بابُل، فٹپاتھ، دیوداس، نیا دور، مغل اعظم، گنگا جمنا، رام شیام اور کرما شامل ہیں۔ دلیپ کمار کی آخری فلم 'قلعہ' تھی جو سنہ 1998 میں آئی تھی۔