زراعت سے متعلق نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں پر کرنال کے ٹول پلازہ پر پولیس کے ذریعہ کی گئی لاٹھی چارج پر رامپور کے کسانوں میں زبردست غصہ دکھائی دے رہا ہے۔ رامپور کے ٹول پلازہ پر دھرنے پر بیٹھے بھارتی کسان یونین کے رہنما رادھے شیام نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے استحصال پر اتری ہوئی ہے اور جس طرح سے ہریانہ میں پولیس سے لاٹھی چارج کرائی گئی ہے حکومت کو اس کے سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
کسان رہنما نے کہا کہ ہم حکومت کی کسان مخالف پالیسوں مذمت کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت کی پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کرکے جلیاں والا باغ سانحہ کی یادوں کو تازہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مجاہدین آزادی نے انگریزوں سے اس ملک کو آزاد کرایا تھا اب وقت آگیا ہے کہ ایک مرتبہ پھر انگریزوں کی راہ پر چلنے والی بی جے پی حکومت کو ملک سے اکھاڑ پھینک کر آزادی حاصل کی جائے۔
بتادیں کہ پولیس لاٹھی چارج سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈو وائرل ہوئی تھی، جس میں کرنال کے ایس ڈی ایم آیوش سنہا پولیس کو احکامات دیتے دکھائی دے رہے ہیں کہ 'ایک بھی بندہ یہاں سے جانا نہیں چاہئے اور اگر جائے تو سر پھٹے بغیر نہیں جائے۔'
مزید پڑھیں:کرنال: کسانوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا، ایک کسان ہلاک
یہی وجہ ہے کہ پولیس کی جانب سے ایسی لاٹھی چارج کی گئی کہ متعدد کسان بری طرح زخمی ہوگئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں کسانوں میں زبردست غصہ نظر آرہا ہے۔