اننت ناگ: رواں برس وادی کے کسان سرسوں کی معقول پیداوار سے بہتر آمدنی کی توقع کر رہے ہیں کیونکہ رواں سیزن میں سرسوں کے کھیتوں میں بھرپور شگوفے کھلے ہوئے ہیں اور سرسوں کے لہلہاتے کھیت مکمل طور شباب پر ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کسانوں نے کہا کہ رواں برس موسم سرما سرسوں کی کاشت کے لیے سازگار رہا، جس کے سبب رواں برس سرسوں کی اچھی اور معقول فصل نظر آرہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ بہتر پیداوار کی توقع رکھتے ہیں۔
کسانوں کے مطابق رواں برس میدانی علاقوں میں کم برف باری ہوئی اور درجہ حرارت میں زیادہ گراوٹ نہیں آئی، وہیں بروقت بارش نے سرسوں کی فصل کو اچھی طرح اگانے میں مدد کی اور آج سرسوں کے کھیت مکمل طور تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے، اچھی پیداوار کے بعد ہمیں بھرپور فائدہ کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں 20170 ہیکٹر زرعی اراضی کے لئے 30 ہزار ٹن بیچ تقسیم کئے گئے جس میں سے 142 کونٹل نئے اقسام اور ہائی بریڈ کوالٹی کے بیج درآمد کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرسوں کی کاشتکاری کو مزید فروغ دینے کے لئے محکمہ بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھا رہا ہے..ڈار نے یہ بھی کہا کہ محکمہ زراعت کی طرف سے فراہم کردہ بیجوں سے کسانوں کی پیداوار دوگنی ہوئی ہے اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔