مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف کسان تحریک کا آج 19 واں دن ہے۔ کاشتکار آج اپنا احتجاج تیز کرتے ہوئے ملک گیر مظاہرے کریں گے۔ احتجاج کرنے والے کسان تنظٰم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ پیر کے روز ایک دن کی بھوک ہڑتال پر جائیں گے اور نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے کے لیے دباؤ بنانے کے لیے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرز میں مظاہرے کیے جائیں گے۔
کسان رہنماؤں نے بدھ کے روز نئے زرعی قوانین میں ترمیم کرنے کی حکومت کی تجویز کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد ہفتہ کو جے پور - دہلی اور دہلی - آگرہ ایکسپریس وے بند کر دیے گئے تھے۔ 14 دسمبر کو کسان تحریک کو تیز کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کرنے کو کہا تھا۔
دریں اثنا دہلی کی طرف جانے والے مظاہرین کا ایک بڑا گروپ دہلی - جے پور قومی شاہراہ کو روک رہا ہے جنہیں پولیس نے ہریانہ - راجستھان سرحد کے ساتھ ہی روک دیا ہے۔
سنگھو اور ٹکڑی بارڈر پر گزشتہ 18 دنوں سے جاری مظاہروں میں پنجاب اور دیگر ریاستوں کے مزید کسان شریک ہیں۔ دریں اثنا مرکزی وزیر کیلاش چودھری نے کہا کہ حکومت جلد ہی اس اجلاس کے لیے ایک نئی تاریخ طے کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ اس معاملے کا حل نکل جائے گا۔