ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت چار معاون نرس دائیوں( اکزیلیئری نرس میڈ وائف) کے لئے کنٹریکٹ بھرتی کا عمل جاری ہے۔ ان عہدوں پر انتخاب ریاستی سطح پر کیا جائے گا لیکن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ذمہ داری چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر کو دی گئی ہے۔ یہاں ان آسامیوں کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں۔ تاہم مزید مواقع دینے کے لیے آخری تاریخ میں اضافہ کرکے 18 اکتوبر کر دی گئی ہے۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار شرما نے بتایا کہ ضلع میں اے این ایم کی چار آسامیوں کے لیے تقریبا 291 درخواستیں دی گئی ہیں،گرچہ ان کی تقرری سرکاری سطح سے ہونی ہے، لیکن امیدواروں کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی ذمہ داری سی ایم او آفس کو سونپی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ترتیب میں سی ایم او آفس سے 105 امیدواروں نے تصدیق کے لیے اپنے سرٹیفکیٹ پیش کیے۔ باقی 186 امیدوار ابھی تک اپنے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے نہیں آئے۔ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی آخری تاریخ 12 اکتوبر تھی جسے بڑھا کر 18 اکتوبر کر دی گئی ہے۔ 15 اکتوبر دسہرہ کی چھٹی ہے اور 17 اکتوبر اتوار ہے۔ لہذا سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے صرف دو دن دستیاب ہوں گے۔ وہ امیدوار جو اپنی سرٹیفکیٹ کی تصدیق نہیں کروا سکے وہ 16 اور 18 اکتوبر کو چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر میں آکر اس عمل کو مکمل کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔اردو اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا مطالبہ
ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر منجیت کمار نے بتایا کہ تصدیق کے دوران تقریبا 22 امیدوار ملے جن کے کاغذات نامکمل تھے، انہیں مزید کارروائی کے لیے ریاستی ہیڈ کوارٹر بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جیسے ہی یہ عمل مکمل ہو گا، ان عہدوں پر جلد ہی تقرری ہو جائے گی۔