اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے موضع سنجر پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماجی کارکن و صحافی ذاکر حسین الفلاح فرنٹ کے نام سے ایک سماجی تنظیم چلاتے ہیں۔ ان کی تنظیم ضرورت مندوں کو مفت میں بلا تفریق مذہب و ملت خون مہیا کراتی ہے اور اب تک تقریباً 450 یونٹ خون ضرورت مندوں کو عطا کر چکی ہے۔ ان کی اس سماجی خدمات کی وجہ سے متعدد شہروں میں ان کے کاموں کی شہرت ہے۔
ذاکر حسین خون عطیہ کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی سرگرم رہتے ہیں اور ان کی یہ کوشش ہے کہ مسلمان بچوں کو کس طرح سے تعلیم سے جوڑا جائے اور ان کے اندر تعلیم کی رغبت کو پیدا کیا جائے، جس کے لیے ذاکر ہمہ وقت کوشاں و فکرمند رہتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الفلاح فرنٹ کے چیئرمین ذاکر حسین نے بتایا کہ الفلاح فرنٹ ایک ایسی تنظیم ہے، جس کے تحت مختلف سماجی کام کیے جاتے ہیں۔ خون عطیہ کے ساتھ ہم تعلیم پر بھی کام کر رہے ہیں اور غریبوں کی ضرورت کو بھی پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا چونکہ خون کی ضرورت زیادہ رہتی ہے، اس لئے اس کام پر ہماری توجہ زیادہ رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی نہ کوئی حادثہ انسان کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی لاتا ہے، تو میری زندگی میں بھی ایک ایسا حادثہ پیش آیا ہے۔ میرے دوست کی اہلیہ کو موقع پر خون نہ ملنے کی وجہ سے ان کی جان چلی گئی تھی۔ اس حادثے نے مجھے کافی متاثر اور اداس کیا تھا۔ میں نے اس وقت یہ عزم مصمم کیا کہ ہماری ایک تنظیم ہونی چاہیے، جسکے کارکنان مفت میں ضرورت مندوں کو خون مہیا کرائیں۔ الحمدللہ ہم اپنے اس نیک مقصد میں کافی حد تک کامیاب رہے اور دو سال کے عرصہ میں ہماری تنظیم نے تقریباً 450 یونٹ خون ضرورت مندوں میں عطیہ کیا ہے۔