غزہ: اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر مسلسل 28ویں روز گولہ باری جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جاں بحق ہوچکے ہیں۔ لیکن عالمی برادری کی خاموشی اور اسرائیلی جارحیت کو نہ رکوانے کی کوششیں ہر درد مند انسان کے دل کو جھجھوڑ رہی ہے جس کی وجہ سے ہر عام انسان اپنے دل کی بات سوشل میڈیا پر کر کے اس جنگ کو بند کروانے کے لیے عالمی برادی سے اپیل کر رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عرفان پٹھان نے بھی ٹویٹ کرکے جنگ میں معصوم بچوں کے قتل پر عالمی برادری کی خاموشی پر سوال کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ہر روز غزہ میں 0-10 سال کی عمر کے معصوم بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں اور دنیا خاموش ہے۔ ایک کھلاڑی کے طور پر میں صرف اپنی آواز اٹھا سکتا ہوں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما متحد ہو کر اس احمقانہ قتل کو ختم کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں اب تک 9 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کی تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 9064 فلسطینی جن میں 3,760 بچے اور 2,326 خواتین شامل ہیں، جاں بحق ہوچکے ہیں اور 32,000 زخمی ہوئے ہیں۔