اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Study Centre For Muslim Girls مسابقہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لئے اسٹڈی سینٹر کا قیام - مسلم طالبات لئے اسٹڈی سینٹر کا قیام

سول سروسز امتحانات کی تیاری کرنے والی خواتین کے لئے ممبئی میں ایک اسٹڈی سینٹر کا انعقاد عمل میں آیا ہے۔ خواتین کی سول سروسز امتحانات کی تیاری کو لے کربشیر موسیٰ پٹیل نے کہا کہ یہ ہماری کوشش ہے کہ مسلمان لڑکیوں کی اعلی تعلیم کو مشکل نہیں ممکن بنایا جا سکے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک بڑا اور بہتر قدم ہے۔

مسابقہ جاتی امتحان کی تیاری کے لئے اسٹڈی سینٹر کا قیام
مسابقہ جاتی امتحان کی تیاری کے لئے اسٹڈی سینٹر کا قیام

By

Published : Mar 2, 2023, 7:21 PM IST

مسابقہ جاتی امتحان کی تیاری کے لئے اسٹڈی سینٹر کا قیام

ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں ایک اسٹڈی سینٹر خصوصی طور پر خواتین کی سول سروسز امتحانات کی تیاری کے لیے کھولا گیا ہے۔ یہاں یو پی ایس سے، ایم پی ایس سی اور اسٹاف سلیکشن کمیشن کی تیاری کے لئے مسلم لڑکیاں ملک کے الگ الگ خطوں سے داخلہ لے کر اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنا سکتی ہیں۔ مسلمانوں میں معیاری تعلیم کے حصول کا رجحان اب تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے لیکن خواتین کی تعلیم کے لئے معاشرے میں ابھی بھی جدوجہد جاری ہے۔ علاقائی اسکول اور کالج کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لڑکیوں کو گھر سے دور جا کر اعلٰی تعلیم حاصل کرنا اور مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ تعلیم کو تحریک تسلیم کر کے کئی غیر سرکاری تنظیمیں اب اس کوشش میں پیش پیش ہیں۔ اسی کے تحت جگہ جگہ نئے تربیتی مرکز کی شروعات کی جا رہی ہے۔

خواتین کی سول سروسز امتحانات کی تیاری کو لے کر سابق رکن اسمبلی بشیر موسیٰ پٹیل کہتے ہیں کہ ہمارا یہ ارادہ کافی پہلے سے تھا کیوں کہ لڑکوں کے لئے تو کوئی بھی جگہ دستیاب ہو جاتی ہے، ممبئی میں حج ہاؤس جیسا ادارہ ہے لیکن صرف لڑکیوں کے لئے اس طرح کی تیاری کرنے کے لئے کہیں کوئی مرکز نہیں ہے۔ اس لیے ہم نے یہ کوشش کی ہے ایک مرکز قائم کیا جائے، تین ہزار اسکوائر فٹ کی اس جگہ میں ان کے رہنے کھانے اور کلاس روم لائبریری اور بنیادی انتظامات کے ذریعے انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ سول سروسز امتحانات کی تیاری ممبئی میں رہ کر ماہرین کی رہنمائی میں کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال اس ادارہ میں 70 لڑکیوں کی گنجائش ہے ۔ہماری کوشش یہی ہے کہ رفتہ رفتہ اس کا پیمانہ وسیع کیا جائے تاکہ ملک کے کسی بھی خطے میں اگر خواتین سول سروسز امتحانات کی تیاری کرنا چاہتی ہیں تو انہیں کسی بھی طرح کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بشیر موسیٰ پٹیل نے کہا کہ یہ ہماری کوشش ہے کہ مسلمان لڑکیوں کی اعلی تعلیم کو مشکل نہیں ممکن بنایا جا سکے، سول سروسیز امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا یہی ہمارا اصل مقصد ہے، اس لیے اس سینٹر کا مقصد لڑکیوں کو بنیادی سہولیات مہیا کرانا ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک بڑا اور بہتر قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں یہ واحد اقلیتی ادارہ ہے جو خصوصی طور پر مسلم معاشرے سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ تعلیم کی خواہشمندوں کی خواہش پوری کرےگا۔ بتا دیں کی یہاں رواں برس ہی 70 لڑکیوں کا بیچ شروع کیا گیا ہے، بیس بچیاں یہاں رہ کر تیاری کر رہی ہیں، جن کا تعلق ملک کے الگ خطوں سے ہے جب کہ 50 لڑکیاں ممبئی سے ہے۔ یہاں داخلے کے لئے ایک ٹیسٹ لیا جاتا ہے اس کے بعد ہی ان کا سلیکشن کیا جاتا ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ ممبئی کے فلاحی ادارہ کی جانب سے بغیر کسی منافع پر چلایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: Qazi Noorul Hasan Memorial Talent Center قاضی نورالحسن میموریل ہنر سنٹر سے ہندو طالبات بھی فیضیاب ہورہی ہیں

منتخب رہائشی طالبات کو کھانے کے معاوضے کے طور پر ماہانہ 5 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ڈے اسکالر میں صرف ان طالبات کا انتخاب کیا جائے گا جو مقابلہ جاتی امتحان یوپی ایس سی /ایم پی ایس سی اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کی خواہشمند ہو۔ اگر سیٹیں خالی رہتی ہیں تو این ای ای ٹی یا جے ای ای اور دیگر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ڈے اسکالر طالبہ کے لیے فیس صرف 100 روپے ماہانہ ہوگی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details