غازی آباد: ریاست اترپردیس کے غازی آباد میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کے سمدھی کے گھر پر ای ڈی نے چھاپہ مارا ہے۔ تین گاڑیوں میں 10 اہلکار آئے، جو گھر کے اندر گھنٹوں تفتیش کرتے رہے۔ غازی آباد کے آر ڈی سی راج نگر میں جتیندر یادو کا گھر ہے، جہاں ای ڈی کی ٹیم پہنچی ہے۔ یہ کارروائی لالو یادو کی نوکری گھوٹالہ کے سلسلے میں چل رہی ہے۔ جتیندر یادو ایس پی کے سابق ایم ایل سی ہیں اور غازی آباد کے آر ڈی سی راج نگر علاقے میں رہتے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیم جیتندر یادو کی رہائش گاہ پر صبح 8 بجے پہنچی۔ سب سے پہلے ای ڈی کے 7-8 ارکان صبح دو گاڑیوں میں آئے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً 12 بجے ایک اور گاڑی پہنچی، جس میں ای ڈی کے مزید 3 ارکان آئے۔
یہ تمام ٹیمیں گھر کا مین گیٹ بند کر کے اندر چیکنگ کر رہی ہیں۔ کسی بھی باہر کے فرد کے اندر آنے یا گھر کے کسی فرد کو باہر جانے سے منع کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خاندان کے تمام افراد کے فون بند ہیں۔ بتا دیں کہ لالو یادو کی چوتھی بیٹی راگنی کی شادی جتیندر یادو کے بیٹے راہل یادو سے سال 2012 میں ہوئی تھی۔ جتیندر یادو سماج وادی پارٹی کے لیڈر ہیں اور سابق ایم ایل سی ہیں۔ ان کے بیٹے راہل یادو نے 2017 اور 2022 کے اسمبلی انتخابات بلند شہر ضلع کی سکندرآباد اسمبلی سیٹ سے ایس پی کے ٹکٹ پر لڑے تھے، لیکن دونوں بار ہار گئے۔