اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Sopore Encounter: سوپور قصبہ میں انکاونٹر، تین عسکریت پسند ہلاک - baramulla district

انسپکٹرجنرل آف پولیس کے مطابق مدثر پنڈت نامی لشکر طیبہ کمانڈر کئی ہلاکتوں میں ملوث تھا جبکہ اسرار نامی پاکستانی عسکریت پسند علاقے میں 2018 سے سرگرم تھا۔

بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں انکاونٹر شروع
بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں انکاونٹر شروع

By

Published : Jun 20, 2021, 11:41 PM IST

Updated : Jun 21, 2021, 9:23 AM IST

ہلاک ہوئے عسکریت پسندوں میں ڈانگر پورہ کا رہنے والا مدثر احمد پنڈت بھی شامل ہے جو پولیس کے مطابق سیاسی کارکنوں، فورسز اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ پنڈت کافی عرصے سے علاقے میں لشکر طیبہ تنظیم کے کمانڈر کی حیثیت سے سرگرم تھا۔

ہلاک ہوئے ایک اور عسکریت پسند کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پاکستان کا رہنے والا تھا۔ پولیس کے مطابق اسرار عرف عبداللہ نامی یہ عسکریت پسند سوپور اور اس کے مضافات میں 2018 سے سرگرم تھا۔

تیسرے ہلاک شدہ عسکریت پسند کی شناخت خورشید احمد میر کے طور ہوئی ہے جو براٹھ کلان گاؤں کا رہائشی تھا۔

سوپور قصبہ میں انکاونٹر، تین عسکریت پسند ہلاک

یہ تصادم سنیچر کی شام اس وقت شروع ہوا جب ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد 22 راشٹریہ رائفلز ، جموں اور کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے محاصرہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق علاقہ میں دو تا تین عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع پر علاقہ کو گھیر کر تلاشی مہم شروع کی گئی۔

کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مدثر احمد پنڈت انتہائی مطلوب عسکریت پسند تھا جو تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلز اور دو شہریوں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ یہ ٹویٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر رینج) وجے کمار کے حوالے سے جاری کیا گیا۔

پولیس کا اشارہ 12 جون کو سوپور قصبے میں ہوئے ایک شدت پسند حملے کی طرف تھا جس میں دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری ہلاک ہوگئے۔ عسکریت پسندوں نے دن دھاڑے پولیس کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس میں یہ ہلاکتیں واقع ہوئیں۔ ہلاک شدگان میں ایک مقامی دکاندار بھی شامل تھا جسے پولیس اہلکار اسی گاڑی میں گرفتار کرکے لے جارہے تھے جو حملے کی زد میں آگیا۔ دکاندار کو کورونا لاک داؤں کی خلاف ورزی کی پاداش میں تھانے لے جایا جارہا تھا۔

مقامی لوگوں نے عام شہریوں کی ہلاکتوں پر مظاہرے کئے اور ان کے بارے میں پولیس کے دعووں کو رد کردیا۔

حملے کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر عسکریت پسندوں کو کھوج نکالنے کی مہم شروع کی تھی اور درجنوں افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے تھانے طلب کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق گنڈ براٹھ میں ہوئے تصادم کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا تاکہ تصادم سے ہونیوالے ذیلی نقصانات سے بچا جاسکے۔

مارے گئے عسکریت پسندوں کی تحویل سے تین اے کے سیریز رائفلز اور دیگر ساز و سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تصادم اختتام پزیر ہوا اور علاقے سے فورسز کی نفری ہٹائی جارہی ہے۔

Last Updated : Jun 21, 2021, 9:23 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details