نئی دہلی: الیکشن کمیشن آج یعنی بدھ کو کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔ یہ اعلان آج صبح 11:30 بجے کیا جائے گا۔ ریاستی اسمبلی کی مدت 24 مئی کو ختم ہوگی۔ کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں کل 224 ارکان ہیں۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 38.14 فیصد ووٹ ملے تھے۔ وہیں جے ڈی ایس کو 18.3 اور بی جے پی کو 36.35 فیصد ووٹ ملے۔ ان انتخابات میں کانگریس کے 80 اور جے ڈی ایس کے 37 امیدوار جیت کر اسمبلی پہنچے، جب کہ بی جے پی کو 104 سیٹوں پر کامیابی ملی۔
کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہ ملنے کی صورت میں کانگریس اور جے ڈی ایس نے مخلوط حکومت بنائی اور پھر جے ڈی ایس رہنما کمارسوامی کنگ میکر بن گئے۔ کمارسوامی وزیر اعلیٰ بن گئے۔ کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت صرف 14 ماہ تک چل سکی۔ اتحاد کے تقریباً 19 ایم ایل اے حکومت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ اس کی وجہ سے کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت گر گئی اور بی جے پی نے یدی یورپا کی قیادت میں حکومت بنائی۔
تاہم تقریباً دو سال بعد یدی یورپا کو اقتدار سے ہٹا دیا گیا اور سوراج بومائی کو ریاست کا نیا وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ الیکشن کمیشن (ای سی) نے انتخابات کے اعلان سے قبل ہی مالیاتی لین دین کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے۔ تاکہ کرناٹک میں بدعنوانی سے پاک انتخابات کرائے جا سکیں۔ کمیشن نے سرحدی علاقوں میں 171 چیک پوسٹوں کا نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) نافذ ہو جائے گا لیکن الیکشن کمیشن کرناٹک میں انتخابی بے ضابطگیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔