حیدرآباد: آج بھارت، پاکستان سمیت متعدد ممالک میں عید الفطر کا تہوار پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ فرزندان توحید آج مساجد اور عید گاہوں میں نماز دوگانہ ادا کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو عید سعید کی مبارک باد دے رہیں۔ عید الفطر رمضان کے روزوں اور عبادات کی تکمیل کی خوشی منائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارت کے متعدد ریاستوں میں شوال کا چاند دیکھا گیا تھا۔ بہار، جھارکھنڈ سمیت متعدد ریاستوں سے چاند نظرآنے کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔ جمعہ کی رات کو امارت شرعیہ پھلواری شریف نے چاند کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کل بروز ہفتہ عیدالفطر کی منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں پھلواری شریف کے مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف، پٹنہ نے اعلان کیا ہے کہ ۲۹ رمضان المبارک 1434ھ بمطابق 21 / اپریل 2023 ء روز جمعہ کو مرکزی دفتر امارت شرعیہ اور اس کی تمام شاخوں میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، پھلواری شریف اور ملک کے دیگر شہروں میں عام طور سے چاند دیکھا گیا۔ اس لیے تمام مسلمان 22 اپریل بروز سنیچر کوعید الفطر کی نماز ادا کریں۔
قومی دارالحکومت دہلی شاہجہانی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا کہ شوال کے چاند کی تصدیق مختلف راستوں کے ذریعے ہوئی ہے، اس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہلی سمیت ملک کی تمام ریاستوں میں عید الفطر ہفتے یعنی 22 اپریل کو دہلی میں منائی جائے گی۔ اسلامک سنٹر آف انڈیا میں مرکزی چاند کمیٹی فرنگی محل لکھنؤ نے عیش باغ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا اس دوران چاند کمیٹی کے تمام اراکین نے عیدگاہ میں چاند دیکھا گیا چاند کی تصدیق کا اعلان کیا۔ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بیان دیا ہے کہ 29رمضان المبارک کو شوال کا چاند نظر آگیا ہے انشاء اللہ 22 اپریل کو عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔
وہیں ال انڈیا شیعہ چاند کمیٹی نے چاند ہونے کا اعلان کیا ہے۔ مولانا کلب جواد نقوی کہا کہ تمام مومنین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ آج یعنی 21 اپریل کو شوال کے چاند کی تصدیق ہوئی ہے لہذا 22 اپریل عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔ سنی مرکزی رویت ہلال کمیٹی فرنگی محل لکھنو کے صدر مفتی ابوالعرفان فرنگی محلی نے اعلان کیا ہے کہ آج شوال المکرم کے چاند کی تصدیق ہوگئی ہے لہذا 22 اپریل کو عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔