چنڈی گڑھ: ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے پنجاب کے صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی جانے والی کارروائی کے خلاف نوٹس لیا ہے۔ ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے پچھلے کچھ دنوں میں پنجاب میں کئی صحافیوں اور میڈیا تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی "من مانی معطلی" پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے سیکورٹی کے بہانے کئے جانے والے اقدامات سے آزادی صحافت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔
ایڈیٹرز گلڈ نے کہا کہ بی بی سی پنجابی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر 27 مارچ کو بھارت میں پابندی عائد کر دی گئی تھی، حالانکہ بعد میں اسے کئی دیگر نجی اداروں کے ساتھ دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔ ممتاز صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے ہیں جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے اور آزادی صحافت کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرت پال کی گرفتاری کے لیے پنجاب حکومت نے انٹرنیٹ سروسز پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں اور صحافیوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی ہے جو کہ ایک غیر قانونی اقدام ہے۔