بی جے پی کے ترجمان گوپال کرشنا اگروال نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے کووڈ کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے ابھرنے کے لیے بے قابو مالیاتی خسارے کی فنانسنگ کا سہارا نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی سے گھریلو صارفین کے ہاتھوں میں تقریباً 44000 کروڑ روپے آئیں گے۔ ریاستی حکومتوں کی طرف سے ویٹ میں کمی کی وجہ سے 35000 کروڑ روپے ملک کے صارفین کی جیبوں میں پہنچیں گے جس سے مانگ میں اضافہ ہوگا۔
مسٹر اگروال نے کہا کہ سبھی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت والی ریاستوں نے پٹرولیم مصنوعات پر ویٹ کم کیا، لیکن ایک یا دو اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں نے ویٹ میں کمی کرنے سے انکار کر دیا۔ اپوزیشن کے زیر اقتدار نو ریاستوں آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، دہلی، جھارکھنڈ، کیرالہ، مہاراشٹرا، تامل ناڈو، تلنگانہ اور مغربی بنگال نے ویٹ میں کمی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔