کولگام: جموں و کشمیر کے ڈگری کالج کولگام میں آزادی کا امرت مہوتسو کے زیر اہتمام فوڈ اینڈ ڈرگس انتظامیہ کولگام نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا کے تعاون سے یہاں 'ایٹ رائٹ میلہ' کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن محمد افضل پرت، اے ڈی ڈی سی اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی کشمیر ہلال احمد کمشنر، فوڈ سیفٹی کولگام فوڈ اینالسٹ کشمیر، انسپکٹرز، فوڈ اینالسٹ، طلباء، ایف بی اوز، پوشن مشن کے افسران، صحت اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
میلے کی صدارت ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن محمد افضل نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹ رائٹ میلے کا مقصد لوگوں میں اچھی غذا کھانے کے لئے بیداری پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل قریب میں اسی طرح کے میلے کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ میلہ میں مختلف محکموں جیسے زراعت، باغبانی اور کشمیر ڈویژن کے کچھ سرکردہ فوڈ مینوفیکچررز کے فوڈ اسٹالز لگائے گئے تھے تاکہ مقامی پیداوار کو ظاہر کیا جا سکے اور صارفین میں محفوظ اور صحت بخش کھانے کی عادت ڈالی جا سکے۔
اے ڈی ڈی سی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فوڈ بزنس آپریٹرز خصوصاً مینوفیکچرنگ، ہوٹل مالکان اور ریسٹورنٹ مالکان کو ہدایت دی کہ وہ اچھی مینوفیکچرنگ اور حفظان صحت کے طریقوں کو اپنائیں اور جلد از جلد حفظان صحت کی درجہ بندی کریں۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی کولگام نے میلے کے انعقاد کی ضرورت کے بارے میں بات کی اور زرعی طریقوں کو اپنانے پر زور دیا۔