نئی دہلی: مودی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر خصوصی میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ وہ (راہل گاندھی) ملک کے اندر جو کچھ بھی کرتے ہیں، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن میرے خیال میں قومی سیاست کو ملک سے باہر لے کر قومی مفاد میں نہیں ہے۔ جے شنکر کا یہ ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب راہل گاندھی نے سان فرانسسکو کے اپنے دورے کے دوران حکومت پر اپنی پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کو روکنے کے لیے اپنی تمام تر طاقت استعمال کرنے اور لوگوں کو ڈرانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
راہل گاندھی نے کہا تھا کہ حکومت نے بھارت جوڑو یاترا کو روکنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کی۔ بی جے پی لوگوں کو ڈرا رہی ہے اور سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ لیکن کچھ کام نہیں آیا بلکہ یاترا کا اثر اور زیادہ ہوگیا۔ انہوں نے وزیراعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اگر آپ مودی جی کو بھگوان کے پاس بٹھا دیں گے تو مودی جی بھگوان کو بھی سمجھانا شروع کر دیں گے کہ کائنات کیسے کام کرتی ہے؟ اور بھگوان بھی پریشان ہو جائے گا کہ میں نے کیا پیدا کیا ہے۔