ممبئی: ملک بھر میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی جاتی ہے۔ مہاراشٹر کے ممبئی میں بھی متعدد مقامات پر مہم کے ذریعے عوام کو بیدار کرنے کئی کوشش کی جاتی ہے۔ کئی بار پولیس کو سڑکوں پر اتر کر بیداری مہم کی ریلیاں نکالنی پڑتی ہیں لیکن ان ریلیوں کا اثر شاید کچھ گھنٹوں یا کچھ دنوں کے لیے ہی رہتا ہے۔ منشیات فروش اور منشیات کے عادی افراد اس 'گورکھ دھندے' کو اعلانیہ انجام دیتے ہیں۔
جنوبی ممبئی کی گنجان آبادی والی جگہیں منشیات فروشوں کی زد میں پوری طرح آچکی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ اب ان علاقوں میں نشه آور اشیاء کھلے عام بیچ جاتی ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے پاس ممبئی کے دو ٹانکی علاقے کی کچھ ویڈیو موصول ہوئی ہے، جسے ای ٹی وی کے قارئین نے ہمیں اس لئے دیا ہے تاکہ ہم منشیات کے اس کاروبار کو منظر عام پر لاسکیں تاکہ حکومت اور پولیس اس کو لیکر سنجیدگی اختیار کرے۔
ممبئی کے دو ٹانکی علاقے میں چھوٹا سونا پور علاقہ ہے، اس علاقے میں نشہ آور اشیاء بےخوف ہوکر فروخت کی جا رہی ہے۔ ای ٹی وی بھارت نے گزشتہ برس بھی اسی علاقے میں منشیات کی خریدوفوخت کو لیکر ایک خبر شائع کی تھی، جس میں منشیات فروش سرعام منشیات فروخت کر رہے تھے۔ خبر شائع ہونے کے بعد کچھ دنوں تک ماحول بدلا رہا لیکن بعد میں سب پہلے کے جیسے ہو گیا۔