اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

ڈاکٹر نواز دیوبندی خواجہ یونس ایوارڈ سے نوازے گئے - گرلز ایجوکیشن کے دائرے کو وسیع کرنے والی شخصیت

ارم گروپ آف لکھنؤ' کی جانب سے منعقدہ ایک اعزازی پروگرام کے دوران 'ارم گروپ آف انسٹی ٹیوٹس اور نیوز 18کی جانب سے مشترکہ طور پر 'خواجہ یونس ایوارڈ 2021' سے نواز ا گیا ہے

By

Published : Feb 7, 2021, 1:10 AM IST

بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اور پورے ملک میں گرلز ایجوکیشن کے دائرے کو وسیع کرنے والی شخصیت ڈاکٹر نواز دیوبندی کو ان کی شاندار تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے 'ارم گروپ آف لکھنؤ' کی جانب سے منعقدہ ایک اعزازی پروگرام کے دوران 'ارم گروپ آف انسٹی ٹیوٹس اور نیوز 18کی جانب سے مشترکہ طور پر 'خواجہ یونس ایوارڈ 2021' سے نواز ا گیا ہے، یہ ایوارڈ انہیں اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما کے بدست دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لکھنؤ کے معروف'ارم گروپ آف انسٹی ٹیوٹ' کے احاطہ میں ایک پر وقار اعزازی تقریب منعقد کی گئی۔ اس اعزازی تقریب کا انعقاد ارم گروپ آف انسٹی ٹیوٹ اور نیوز 18کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اور ماہر تعلیم نسواں ڈاکٹر نواز دیوبندی کی شاندار تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں 'خواجہ یونس ایوارڈ 2021' سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر دنیش شرما نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کی تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نواز دیوبندی کی تعلیمی خدمات قابل ستائش اور قابل تقلید ہیں، کیونکہ خواتین کے صد فیصد تعلیم یافتہ ہونے سے معاشرہ میں ایک نئی اور خوشگوار بیداری آئے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کو ایسی ہی سوچ و فکر رکھنے والی شخصیات کی ضرورت ہے۔

پروگرام میں شریک سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کی تعلیمی خدمات اور اس کے وسیع دائرہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ شاعری کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے تعلیم نسواں کے میدان میں جو کامیاب جد و جہد کی ہے وہ ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعراء کی برادری کے لئے بھی ان کی تعلیمی خدمات قابل فخر ہیں۔

دوران پروگرام 'ارم گروپ' کے خواجہ بزمی یونس، رزمی یونس، فیضی یونس اور سیفی یونس نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کو شال اوڑھا کر اور پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے پرجوش استقبال کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر نواز دیوبندی نے ارم گروپ اور نیوز 18کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ اس ملک کے عظیم ماہر تعلیم 'خواجہ محمد یونس' کے نام سے تعلیمی میدان میں کام کرنے کے اعتراف میں مجھے یہ ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ یونس نے تقریباً 60 کتابیں تصنیف کیں۔ انہوں نے 35 تعلیمی ادارے قائم کیے اور تعلیمی میدان میں عظیم کارنامے انجام دیے۔

ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ خواجہ یونس کے نام سے دیا جانے والا اعزاز میرے اندر خود اعتمادی کے ساتھ نئے حوصلوں کو جنم دے گا۔انہوں نے کہا کہ لکھنؤ میں منعقدہ اس پروگرام میں پروفیسر شارب رودولوی،نیو ز18کے منموہن رائے،مولانا رشید فرنگی محلی،مولانا کلب صادق کے بیٹے سبتین نوری اور سابق ڈی جی پی اتر پردیش رضوان احمد نیز نواب جعفر میر عبد اللہ نے شرکت کرکے میرے ساتھ ساتھ پروگرام کوبھی اعزاز بخشا ہے۔

ڈاکٹر نواز دیوبندی کو مذکورہ ایوارڈ ملنے کے موقع پر انٹر نیشنل قلم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند میں ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر فرمان سردھنوی نے کی۔اس موقع پر سابق چیئر مین انعام قریشی،اسلامیہ انٹر کالج کے سابق پرنسپل شمیم مرتضیٰ فاروقی، ممتاز قلم کار وادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر،پروفیسر احمد نواز خان،احمر، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید ایڈ منسٹریٹر، ڈاکٹر اختر سعید، ضمیر صدیقی، سنیل جین،اجے جین اور رشبھ تیاگی نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کو خواجہ یونس ایوارڈ 2021ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ دیوبند اور تعلیمی و ادبی حلقوں کے لئے نہایت خوشی اور فخر کا مقام ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details