پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا اسلام آباد میں انتقال ہوگیا ہے۔ وہ 85 برس کے تھے اور طویل عرصے سے بیمار تھے۔
26 اگست کو ڈاکٹر عبدالقدیر کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد وہ سخت علیل ہوگئے تھے۔ انھیں کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا تاہم کچھ روز بعد ان کی صحت میں استحکام آگیا تھا اور ڈاکٹرز نے انہیں گھر بھیج دیا تھا۔
انھوں نے اپنی صحت سے متعلق کہا تھا کہ وہ صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم انھیں، دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی صحت میں افاقہ نہیں ہوسکا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر کافی غمزدہ ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ عوام ملک کو جوہری طاقت بنانے کے عمل میں ان کے کردار کی وجہ سے ان سے محبت کرتی تھی اور وہ پاکستانی عوام کے لیے ایک قومی آئیکون تھے۔