لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے رہنما ڈاکٹر کفیل خان نے لکھنؤ میں پارٹی دفتر پہنچ کر گورکھپور ہسپتال میں ہوئے سانحہ پر اپنی تصنیف کردہ کتاب 'گورکھپور ہسپتال تراسدی، ہسپتال سے جیل تک' اجرا کیا۔ اس موقع پر اکھلیش یادو سمیت متعدد رہنما موجود رہے۔ یہ رسم اجراء سیاسی گلیاروں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس حوالے ای ٹی وی بھارت نے ڈاکٹر کفیل خان سے خاص بات چیت کی ہے۔ ڈاکٹر کفیل نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اکھلیش یادو کو اس کتاب کے رسم اجرا کے لیے اس لیے منتخب کیا کیونکہ وہ گورکھپور ہسپتال سانحہ کو باریکی سے جانتے ہیں اور ان خاندانوں سے بھی ملاقات کی ہے جن کے بچوں کی موت ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور ہسپتال میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے ہوئی اموات پر یہ کہتے رہے ہیں کہ ان کو معلوم نہیں تھا لیکن ہم نے آکسیجن ختم ہونے سے قبل محکمہ کے اعلی افسران تک مکتوب کے ذریعہ حالات سے آگاہ کیا تھا لیکن کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی جن کی لاپرواہی کی وجہ سے ان بچوں کی جان گنوانی پڑی۔ ڈاکٹر کفیل خان نے مزید کہا کہ ان بچوں کی لڑائی اس وقت کریں گے جب تک انہیں انصاف نہیں مل جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے مجھے معطل کر دیا لیکن یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے عدالت نے مجھے کلین چٹ دیا ہے امید ہے کہ انصاف ملے گا۔