حیدرآباد( تلنگانہ): وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی زیرقیادت بھارت راشٹرا سمیتی (BRS) کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے لوگوں کی ترقی کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ انہوں نے ریاست میں مرکز کی اسکیموں کے تعلق سے حکمراں جماعت کے مبینہ عدم تعاون پر دکھ کا اظہار کیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مٹھی بھر لوگ جو 'اقربا پروری' کو فروغ دیتے ہیں اس بات کی کھوج لگا رہے ہیں کہ وہ تلنگانہ کے عوام کے لیے شروع کیے گئے پروجیکٹس سے کس طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے پراجکٹس میں ریاستی حکومت کا عدم تعاون انہیں تکلیف دیتا ہے اور اس سے تلنگانہ کے عوام کے خواب متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تلنگانہ کے عوام کے لیے بنائی جارہی ترقیاتی اسکیموں کے نفاذ میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔' وزیراعظم نے کہا کہ 'خاندانی' اور 'کرپشن' مختلف نہیں ہیں، جہاں 'خاندانی' ہے، وہاں 'کرپشن' پنپتی ہے۔