کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے ایک اسکولی طالبہ کی اسٹیج پر مبینہ تذلیل کے معاملے پر مسلم رہنما عبداللہ مسلیار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ دراصل کیرالہ کے سنی علماء کی ایک تنظیم، سمستھا کیرالہ جیم-ایات العلماء (Samastha Kerala Jem-iyyathul Ulama) کے اراکین نے منگل کو ملاپورم ضلع میں ایک اعزازی تقریب کے دوران اسٹیج پر مدعو کرتے ہوئے ایک اسکولی طالبہ کی مبینہ طور پر تذلیل کی۔ یہ واقعہ کیمرے میں قید ہوگیا۔
گورنر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'اس واقعہ پر افسوس ہوا کہ ملاپورم میں ایک لڑکی کو ایوارڈ حاصل کرنے کے دوران اسٹیج پر تذلیل کی گئی، کیونکہ وہ ایک مسلم گھرانے میں پیدا ہوئی تھی۔' گورنر نے کہا کہ یہ ایک مثال ہے کہ 'کس طرح جنونی علماء مسلم خواتین کو پسماندہ بناتے ہیں۔ وہ قرآن کے احکامات اور آئین کی شقوں کو نہ مان کر خواتین کی شخصیت کو دباتے ہیں۔ اس دوران گورنر عارف خان نے قرآن پاک کا حوالہ بھی دیا۔
کیا ہے پورا معاملہ:
یہ واقعہ ملاپورم ضلع میں ایک 'مدرسہ' کی عمارت کے افتتاح کے دوران پیش آیا، جہاں حال ہی میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ وہیں انڈین یونین مسلم لیگ (IUML) کے رہنما پنکڑ سید عباس علی شہاب تھنگل نے لڑکی کو اسٹیج پر ایوارڈ دیا۔ ایوارڈ دینے کے فوراً بعد مسلم اسکالر ایم ٹی عبداللہ مسلیار نے منتظمین سے سوال کیا کہ لڑکی کو اسٹیج پر کیوں مدعو کیا گیا؟